یونان کے شہر لاوریو میں مظاہرین بندرگاہ کی نجکاری اور اسے اسرائیلی کمپنی کے حوالے کیے جانے کے منصوبے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بندرگاہ کی نجکاری کا فیصلہ منسوخ کیا جائے اور اسے اسلحے یا فوجی سازوسامان کی ترسیل کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔احتجاج کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اسرائیلی کمپنی ان کمپنیوں میں شامل ہے جو لاوریو بندرگاہ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کی دوڑ میں ہیں۔ موجودہ منصوبے کے تحت لاوریو پورٹ اتھارٹی کے 51 فیصد حصص نجی سرمایہ کار کو دینے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ معاہدے کی مدت 2062 تک ہوسکتی ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کمپنی کے داخل ہونے سے بندرگاہ کے فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ احتجاج میں فلسطینی پرچم بھی لہرائے گئے اور شرکا نے اسرائیل کے ساتھ یونان کے دفاعی تعاون اور غزہ کی جنگ کے تناظر میں بندرگاہ کو ممکنہ طور پر فوجی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی مخالفت کی۔




