نومبر 1, 2026

چینی نوجوان نے شادی میں اجنبیوں کو دعوت دے دی، ہزاروں افراد مہنگے تحائف لے کر پہنچ گئے

چین کے صوبہ یون نان سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ نوجوان شو چِنگ ہونگ نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ اس کی شادی کو اتنی بڑی تقریب میں بدل دے گی۔نوجوان کو خدشہ تھا کہ خاندان میں بہت کم افراد ہونے کی وجہ سے اس کی شادی میں مہمانوں کی تعداد انتہائی کم رہے گی، چنانچہ اس نے انٹرنیٹ پر اجنبی لوگوں کو بھی شادی میں شرکت کی کھلی دعوت دے دی۔شو کے والد کا انتقال اس وقت ہوگیا تھا جب وہ صرف 3 سال کا تھا، جبکہ بعد میں اس کی والدہ نے دوسری شادی کرلی۔ بچپن میں اس کی پرورش میں اس کی دادی کا اہم کردار تھا، تاہم وہ بھی اس کے بچپن ہی میں انتقال کرگئیں۔ نوجوان نے مختلف ملازمتیں کرکے شادی کے لیے رقم جمع کی اور تقریباً 167,500 چینی یوان (تقریباً 25 ہزار امریکی ڈالر) بچائے۔لیکن شادی قریب آنے پر اسے احساس ہوا کہ رشتہ داروں کی تعداد اتنی کم ہے کہ چند میزیں بھی مکمل نہیں ہوں گی۔سوشل میڈیا پر دعوت وائرل ہوتے ہی چین کے مختلف حصوں سے لوگوں نے اس نوجوان کی شادی میں شرکت کا اعلان شروع کردیا۔ ابتدا میں شو کو امید تھی کہ شاید چند اجنبی اس کی دعوت قبول کریں گے، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں افراد اس تقریب کا حصہ بننے کے لیے اس کے گاؤں پہنچنے لگے۔بڑھتے ہوئے ہجوم کے باعث شادی کی تقریب کو اصل مقام سے منتقل کرکے ایک بڑے عوامی مقام پر منعقد کرنا پڑا، جبکہ مقامی انتظامیہ نے ٹریفک، ہجوم اور کھانے کی حفاظت کے انتظامات میں بھی مدد کی۔