کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔میزبان ٹیم کے بیٹرز ریان ریکلٹن اور ویان ملڈر نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔چوتھے روز جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز 140 رنز 4کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ ریان ریکلٹن نے 101 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویان ملڈر نے 115 رنز بنا کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ دونوں بیٹرز کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 154 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 387 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں خسارے کے بعد آسٹریلیا کو فتح کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں سنچری ساز کھلاڑی زمانہ طالب علمی سے دوست ہیں اور جوہانسبرگ کے معروف سینٹ اسٹیتھیئنز کالج میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔جنوبی افریقی بیٹنگ کوچنگ اسٹاف کے مطابق آخری روز پچ پر فاسٹ بولرز کو بھی مدد ملنے کی توقع ہے جبکہ اسپنرز کے لیے بھی کچھ مواقع موجود ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے اور آخری روز مقابلہ دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔




