انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین اب ایک مخصوص آپشن کے ذریعے دوسروں سے ان کی لوکیشن شیئر کرنے کی درخواست کر سکیں گے، نیا فیچر زیرِ تیاری ہے۔میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین کے لیے دوسروں سے ان کی لوکیشن طلب کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق واٹس ایپ کے ورژن 2.26.41.11 کی اے پی کے فائل کے تجزیے کے دوران اس نئے فیچر کا پتا چلا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آزمائشی ڈیوائس پر اس آپشن کو دستی طور پر فعال بھی کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اس فیچر کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔فی الحال واٹس ایپ صارفین اپنی موجودہ لوکیشن نقشے پر ایک مقررہ مقام کے طور پر شیئر کر سکتے ہیں یا لائیو لوکیشن بھیج سکتے ہیں، جس کے ذریعے ان کی نقل و حرکت کے ساتھ مقام بھی اپ ڈیٹ ہوتا رہتا ہے۔تاہم، کسی دوسرے شخص سے اس کی لوکیشن منگوانے کے لیے عموماً پیغام لکھ کر درخواست کرنا پڑتی ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کے تحت صارفین کو سینڈ لوکیشن مینو میں ریکویسٹ لوکیشن کا آپشن مل سکتا ہے۔ اس پر ٹیپ کرنے سے چیٹ میں لوکیشن ریکویسٹ کے نام سے ایک مخصوص کارڈ بھیجا جا سکے گا۔اس فیچر کا مقصد لوکیشن کی درخواست کو زیادہ نمایاں بنانا اور صارفین کو الگ سے پیغام لکھ کر وضاحت کرنے کی ضرورت کم کرنا ہے۔یہ فیچر تاحال تیاری کے مراحل میں ہے اور واٹس ایپ کی جانب سے اس کی مکمل فعالیت یا باضابطہ اجرا کی تاریخ کی تصدیق نہیں کی گئی۔




