کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ خاتون ڈونا جین وائلڈ نے مسلسل پانچ گھنٹے پلینک پوزیشن میں رہ کر خواتین کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 12 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی دادی نے یہ کارنامہ امریکی ریاست یوٹاہ میں ہنٹس مین ورلڈ سینئر گیمز کے دوران 4 اکتوبر کو انجام دیا۔رپورٹس کے مطابق وائلڈ نے دوپہر 3 بج کر 3 منٹ پر پلینک شروع کیا اور رات 8 بج کر 3 منٹ پر اسے مکمل کیا۔اس دوران ججز مختلف اوقات میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے۔اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ وائلڈ ہی کے پاس تھا جنہوں نے 21 مارچ 2024 کو 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک پلینک کرکے عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔یوں انہوں نے اپنے سابقہ ریکارڈ میں تقریباً 30 منٹ کا اضافہ کیا۔ تاہم ان کی نئی کامیابی کی گنیز ورلڈ ریکارڈز سے باضابطہ منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔وائلڈ کے مطابق ابتدائی دو گھنٹے نسبتاً آسان گزرے لیکن آخری وقت میں خود کو سنبھالنا اور درست پوزیشن برقرار رکھنا سب سے مشکل مرحلہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ آخری 30 منٹ کے دوران انہوں نے اپنی توجہ سانس لینے، پرسکون رہنے اور جسم کو لرزنے سے بچانے پر مرکوز رکھی۔انہوں نے کئی سال قبل کلائی ٹوٹنے کے بعد پلینک کو روزمرہ معمول کا حصہ بنایا تھا کیونکہ وہ پلاسٹر کے باوجود یہ ورزش کرسکتی تھیں۔وائلڈ نے دوسروں کو مشورہ دیا کہ مسلسل مشق اور ثابت قدمی سے مشکل اہداف بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔




