اکتوبر 9, 2026

نک میڈنسن کی ٹیسٹ کرکٹ میں مایوس کن واپسی، ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

آسٹریلوی اوپنر نک میڈنسن جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن ٹیسٹ میں بدقسمتی سے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرگئے جہاں وہ 33 گیندیں کھیلنے کے باوجود کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔جمعے کو شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میڈنسن کو جنوبی افریقی فاسٹ بولر مارکو یانسن نے بولڈ کیا۔کرکٹ رپورٹس کے مطابق دستیاب گیندوں کے ریکارڈ کی بنیاد پر وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گیندیں کھیل کر صفر پر آؤٹ ہونے والے آسٹریلوی اوپنر بن گئے۔یہ 21ویں صدی میں کسی ٹیسٹ اوپنر کا بھی طویل ترین ڈک قرار دیا گیا ہے۔34 سالہ میڈنسن تقریباً دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ دسمبر 2016 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جبکہ اسی سال جنوبی افریقا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ میڈنسن کی واپسی اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ 2025 میں کینسر میں مبتلا ہوئے تھے اور انہیں کیموتھراپی سے گزرنا پڑا۔صحت یابی کے بعد انہوں نے دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے محنت کی اور جنوبی افریقا کے دورے کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل ہوئے۔