نومبر 25, 2026

کراچی: زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق،14 زخمی، مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر چھ منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، 14 افراد زخمی ہیں جبکہ ملبے سے تین لاشیں نکال لی گئیں، متعدد افراد کے ملبے میں موجود ہونے کا خدشہ ہے۔ریسکیوحکام کے مطابق بلوچ کالونی شارع فیصل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہو گئے، ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کرلی گئی۔امدادی ادارے 1122 کے ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم نے کے ای سی ایچ ایس بلاک 4، قبا مسجد کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے سے 3 لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا ہے۔ترجمان کے مطابق 14 زخمیوں میں نادر حسین ولد علی نواز عمر 39 سال، احمد ولد ظفر عمر 17 سال، لال خان ولد شوکت علی عمر 35 سال، عزیز الحق ولد حبیب الرحمان عمر 22 سال، روح اللہ ولد محمود جان عمر 22 سال، نوید ولد مشاقت خان عمر 24 سال، واصل خان ولد خان محمد عمر 25 سال، بلال ولد روح اللہ عمر 25 سال، ایک نامعلوم شخص عمر 25 سال، عطاء اللہ ولد تاج بار خان عمر 26 سال، عزیز الحق ولد نبی داد عمر 20 سال، وقار خان عمر 22 سال، ایم احسن ولد ایم اکرم عمر 22 سال، ایم مکی ولد اللہ دتہ عمر 35 سال شامل ہیں۔ملبے میں دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
بلڈنگ میں جانے کے لیے تین راستے بنالیے
ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر عابد جلال نے میڈیا سے گفت گو میں بتایا کہ ہم نے بلڈنگ میں جانے کے لیے اب تک تین راستے بنالیے ہیں، ہم اندر موجود افراد کی تعداد کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے، کوشش ہے کہ اندر موجود افراد کو جلد از جلد ریسکیو کیا جاسکے۔اسی طرح چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ 6 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، 20 کے قریب مزدور اندر ہونے کا بتایا جا رہا ہے جب کہ رنگ و روغن کرنے والے بھی اتنے ہی افراد اندر موجود ہیں، مجموعی طور پر 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے۔جناح اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ تمام زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، متاثرین کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، متاثرہ افراد کی عمریں 17 سے 39 سال کے درمیان ہیں، تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عمارت گرنے کی ممکنہ ابتدائی وجہ سامنے آ گئی
یہ عمارت گرنے کی ممکنہ ابتدائی وجہ سامنے آٓئی ہے جس میں مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے پلر کے ساتھ بورنگ کا کام کیا جارہا ہے۔ مکینوں ںے بتایا کہ بورنگ کی وجہ سے پلر اور بنیاد کا کچھ حصہ متاثر ہوا، پلر کے ساتھ بورنگ کی وجہ سے عمارت مسلسل لرز رہی تھی اور یقیناً بورنگ کی وجہ سے پلر کمزور ہوا اور جس وقت عمارت گری اس وقت بھی بورنگ کا کام جاری تھا۔ایس ایس پی ایسٹ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور عمارت کے اطراف سیکیورٹی و امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کردیے۔ذرائع ایس بی سی اے نے کہا کہ منہدم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا۔
وزیراعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہبازشریف عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مرحوم کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پرطبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیا۔
مہندم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا
رپورٹ کے مطابق عبداللہ شکیل نامی شخص کے نام نقشے کی منظوری ہوئی تھی پلاٹ رہائشی ہے، ایکسپریس نیوز کو پلاٹ کے نقشے کی منظوری کی کاپی مل گئی، مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا۔ذرائع نے کہا کہ 10 مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا، 8 ماہ میں 6 منزلہ عمارت تعمیر کردی گئی، عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی، ایس بی سی اے کے افسران کی مبینہ سرپرستی میں عمارت تعمیر کی گئی۔چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ عمارت کے گرنے کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ واقعے میں ایک مزدور کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر افسوس ہے، ریسکیو ادارے جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں تیز اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔محمد حنیف گوہر نے کہا کہ کراچی میں عمارتوں کے حادثات انتظامی نگرانی کے نظام پر سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں، عمارتوں کی حالت، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات کی باقاعدہ جانچ ہونی چاہیے، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، واقع میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ زیر تعمیر عمارت کا پانچواں یا چھٹا فلور گرنے کا واقعہ پیش آیا، عمارت کی تعمیر کی اجازت صرف گراؤنڈ پلس ون تک تھی، عمارت میں اجازت سے زائد منزلیں تعمیر کی جا رہی تھیں، عمارت کی غیر قانونی تعمیر کے حوالے سے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق جوڈیشل پروسیڈنگز کی وجہ سے عمارت کے خلاف مزید کارروائی آگے نہ بڑھ سکی، عمارت گرنے کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 15 مزدور کام کر رہے تھے، ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے بیشتر افراد کو زندہ حالت میں نکال لیا ہے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی تفصیلی انکوائری کی جائے گی، واقعے میں جو بھی افراد ملوث پائے گئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، غفلت اور خلاف ورزی کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، عمارت کی غیر قانونی تعمیر اور متعلقہ اداروں کی کارروائی میں تاخیر کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔