جولائی 17, 2026

بنیادی ڈھانچے پر حملہ ہوا تو پورے خطے کا انفراسٹرکچر نشانہ بنے گا، ایران کی امریکا کو دوٹوک دھمکی

ایران نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کی دھمکی پر عمل کیا تو خطے کے دیگر ممالک کا انفراسٹرکچر بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے اپنے منصوبے پر عمل کیا تو پورے خطے کا انفراسٹرکچر ایرانی مسلح افواج کی فولادی ضربوں تلے آ جائے گا۔ ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی حملے کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایران کا تازہ انتباہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اگر تنازع مزید بڑھا تو اس کے اثرات صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ، توانائی کا انفراسٹرکچر اور عالمی تجارتی راستے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث عالمی برادری کی نظریں مشرق وسطیٰ پر مرکوز ہیں، کیونکہ کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے علاقائی سلامتی، عالمی معیشت اور تیل کی منڈیوں پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔