ATLANTA: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ انگلش ٹیم ایک بار پھر عالمی ٹائٹل کے خواب سے محروم رہ گئی۔اٹلانٹا میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں تھامس ٹوخیل کی زیرقیادت انگلینڈ طویل عرصے بعد اپنے پہلے مردوں کے ورلڈ کپ فائنل (1966 کے بعد) تک رسائی کے قریب دکھائی دے رہا تھا۔سخت مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا جہاں مجموعی طور پر 19 فاؤلز ہوئے اور امریکی ریفری اسماعیل الفتح کو میچ کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ پہلے ہاف میں ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز نے دور سے خطرناک شاٹ کھیلا جو معمولی فرق سے ہدف سے باہر گیا تاہم دونوں ٹیمیں وقفے تک گول کرنے میں ناکام رہیں۔ میچ کے 55 ویں منٹ میں انگلینڈ نے برتری حاصل کی جب مورگن راجرز نے دائیں جانب سے شاندار کراس دیا اور انتھونی گورڈن نے دور کے پوسٹ پر گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی سبقت دلائی۔ گول کے بعد ارجنٹائن نے مسلسل حملے شروع کر دیے۔ نیکو گونزالیز کے خطرناک ہیڈر کو انگلینڈ کے گول کیپر جارڈن پِکفورڈ نے غیر معمولی ریفلیکس سیو کے ذریعے روک دیا جبکہ الیکسس میک ایلسٹر کا ایک ہیڈر پوسٹ سے ٹکرا گیا۔آخرکار 85 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو برابری کا گول مل گیا جب اینزو فرنانڈیز نے میسی کے پاس پر تقریباً 25 گز کی دوری سے شاندار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی اور اسکور 1-1 ہوگیا۔برابری کے بعد ارجنٹائن کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔ میک ایلسٹر کی ایک اور کوشش لکڑی سے ٹکرائی، جبکہ انجری ٹائم کے 92 ویں منٹ میں لیونل میسی نے عمدہ کراس دیا جس پر لاوتارو مارٹینیز نے زبردست ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول اسکور کر کے ارجنٹائن کو 2-1 کی تاریخی فتح دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹائن نے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ دوسری جانب انگلینڈ اب تیسرے نمبر کے میچ میں فرانس کا سامنا کرے گا۔میچ کے اختتامی لمحات میں ارجنٹائن کی برق رفتار واپسی، اینزو فرنانڈیز کا شاندار گول میسی کی فیصلہ کن اسسٹ اور لاوتارو مارٹینیز کے فاتحانہ ہیڈر نے شائقین کو ایک یادگار سیمی فائنل کا تحفہ دیا۔




