میؤ اسپتال لاہور کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالمدبر نے بتایا ہے کہ رواں سال منکی پاکس کے 32 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمدبر نے بتایا کہ میؤ اسپتال میں منکی پاکس کے 6 مریض زیرِ علاج ہیں، لاہور اور گرد و نواح سے منکی پاکس کے مریض آ رہے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ ہر عمر کے افراد منکی پاکس سے متاثر ہو رہے ہیں، کسی بھی مریض نے بیرونِ ملک سفر نہیں کیا۔ایم ایس میؤ اسپتال نے بتایا کہ رواں سال منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ ہونا تشویش ناک ہے، جسم پر سرخ دھبے، خارش اور تیز بخار ہو تو فوری اسپتال جائیں۔اُنہوں نے بتایا کہ منکی پاکس کی کوئی مخصوص دوائی نہیں، 14 دن بعد متاثرہ مریض صحت یاب ہو جاتا ہے۔ڈاکٹر عبدالمدبر نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال منکی پاکس سے متاثرہ کسی مریض کی موت نہیں ہوئی، جبکہ گزشتہ سال منکی پاکس کے21 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جن میں سے 3 کی اموات ہوئی تھیں۔




