نومبر 23, 2026

چین کا کارنامہ، ٹوٹی ہڈی کو 3 منٹ میں جوڑنے والا طریقہ ایجاد

چین نے طبی سائنس میں ایک نیا کارنامہ انجام دے دیا ہے، ٹوٹی ہڈی کو محض 3 منٹ میں جوڑنے والا طریقہ ایجاد کر لیا۔چین کے مشرقی صوبے زیجیانگ میں ایک تحقیقی ٹیم نے بون گلو (Bone Glue) کے نام سے ایک نئی طبی ایجاد کا اعلان کیا ہے، جو صرف تین منٹ میں فریکچر کا علاج اور ہڈیوں کے ٹکڑوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس بون گلو کو آرتھوپیڈک سرجری کی دنیا میں ایک سائنسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جسے ’’Bone-02‘‘ نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک نئی قسم کا طبی چپکنے والا مادہ ہے، یہ گوند سیپیوں (oysters) سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے اور اس کا مقصد ہڈیوں کے ٹوٹنے کی صورت میں تیزی سے مرمت کرنا ہے، بغیر کسی دھاتی پلیٹ، پیچ (screws)، یا بڑے آپریشن کے۔یہ نیا چپکنے والا مادہ براہ راست فریکچر (fracture) کی جگہ پر انجیکشن کے ذریعے لگایا جا سکتا ہے تاکہ ہڈی کی مرمت کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ یہ صرف دو سے تین منٹ میں ہڈی کے ٹکڑوں کو آپس میں جوڑ دیتا ہے، حتیٰ کہ خون سے بھرپور جگہوں پر بھی، جہاں زیادہ تر چپکنے والے مادے ناکام ہو جاتے ہیں۔محققین کے مطابق یہ گوند اسی طرح کام کرتی ہے جیسے سیپ پانی کے اندر سطحوں سے چپک جاتے ہیں۔ یہی عمل اس گوند کی تیاری کا محرک بنا، کیوں کہ ہڈیوں کا ماحول بھی نم ہوتا ہے اور چپکنے والے مادوں کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ تحقیقی ٹیم کے سربراہ آرتھوپیڈک سرجن لن شیان فینگ کے مطابق یہ گوند صرف دو سے تین منٹ میں خون سے بھرپور ماحول میں بھی نہایت درستگی کے ساتھ ہڈیوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔لیبارٹری ٹیسٹوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’بون ٹو‘ نے کارآمد اور محفوظ ہونے کے لحاظ سے اچھے نتائج حاصل کیے ہیں، ایک تجربے میں یہ آپریشن 180 سیکنڈ (تین منٹ) سے بھی کم وقت میں مکمل ہو گیا۔ روایتی علاج کے طریقوں میں سٹیل کی پلیٹوں اور پیچ لگانے میں کافی وقت لگتا تھا۔لیبارٹری ٹیسٹوں کے مطابق یہ گوند 400 پونڈ سے زیادہ کی بانڈنگ طاقت، تقریباً 0.5 میگا پاسکل کی شیئرنگ طاقت اور تقریباً 10 میگا پاسکل کی کمپریشن طاقت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ 150 سے زائد مریضوں پر کیے گئے تجربات نے بھی کامیاب نتائج دکھائے ہیں۔ واضح رہے ہڈیوں کے چپکنے والے مواد کو تیار کرنے کی کوششیں 1940 کی دہائی سے جاری ہیں لیکن وہ بائیو کمپیٹیبلٹی کے مسائل کی وجہ سے ناکام ہوتی رہی ہیں۔