بچپن میں جنسی استحصال کا شکار ہونے والی ایک خاتون نے ایلون مسک سے اپیل کی ہے کہ وہ ’ایکس‘ پر اُن کی تصاویر کے لنکس شیئر کیے جانے کے سلسلے کو روکیں۔20 سال قبل پہلی بار جنسی استحصال کا نشانہ بننے والی ‘زورا’ (فرضی نام) کہتی ہیں کہ ’یہ مشتعل کر دینے والا ہے کہ میرے جنسی استحصال اور بہت سے دوسرے لوگوں کے ساتھ پیش آنے والے ایسے ہی واقعات کی ویڈیوز اب بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔‘’ہر بار جب کوئی بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کا مواد شیئر کرتا ہے تو وہ دراصل براہ راست اس طرح کے خوفناک واقعات کا نشانہ بننے والے افراد کی خوفناک یادیں تازہ کر دیتا ہے۔‘دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کا کہنا ہے کہ ’بچوں کے جنسی استحصال کے مواد کو لے کر کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جاتی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوتا، بچوں کا استحصال کرنے والوں سے نمٹنا ہماری اولین ترجیح ہے۔‘بی بی سی کی جانب سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلقہ مواد کی لین دین یا تجارت پر حال ہی میں ایک تحقیق کی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران بی بی سی کو ‘زورا’ کی ایسی تصاویر ملی ہیں جن کا تخمینہ گلوبل چائلڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ ’چائلڈ لائٹ‘ نے اربوں ڈالر لگایا ہے۔زورا سے متعلق مواد ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر فروخت کے لیے پیش کی جانے والی اسی طرح کی ہزاروں تصاویر اور ویڈیوز کے ذخیرے میں شامل تھا۔ ہم میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے اس طرح کے مواد کو فروحت کرنے والے ایک شخص سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے اور اس سب کے دوران ہم انڈونیشیا میں ایک شخص سے منسلک ایک بینک اکاؤنٹ تک پہنچے۔زورا کو سب سے پہلے اُن کے اپنے خاندان کے ہی ایک فرد کی جانب سے جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اُس موقع پر زورا کی بنائی گئی تصاویر بعدازاں بچوں پر جنسی تشدد کرنے والے افراد یعنی پیڈوفائلز کے درمیان شیئر ہوئیں۔ بہت سے دوسرے متاثرین کو بھی اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ آج بھی اُن کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔زورا ناراض ہیں کہ جنسی استحصال کا یہ سلسلہ اور اس سے جُڑی تجارت یا کاروبار آج بھی جاری ہے۔وہ کہتی ہیں کہ ’میرا جسم کوئی شے نہ کبھی تھا، نہ ہے اور نہ ہی کبھی ہو گا۔‘جو لوگ ایسے مواد کو پھیلاتے ہیں وہ اِس جُرم میں برابر کے شریک ہیں اور اس میں ملوث ہیں، وہ بھی مُجرم ہیں۔‘
زورا کے ساتھ ہونے والے ظلم کی تصاویر ابتدا میں صرف نام نہاد ڈارک ویب پر دستیاب تھیں، لیکن اب انھیں اس حقیقت کے ساتھ زندہ رہنا ہے کہ اب اُن کی تصاویر کے لنکس ’ایکس‘ پر کُھلے عام شیئر ہو رہے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے آپ کو ایسے غیر قانونی مواد سے چھٹکارا دلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ مسئلہ اس قدر وسیع پیمانے پر پھیل چُکا ہے کہ اس پر قابو پانا مُمکن دکھائی نہیں دے رہا۔گذشتہ سال امریکی نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلوئٹڈ چلڈرن (این سی ایم ای سی) کو ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات کے بارے میں دو کروڑ سے زائد رپورٹس موصول ہوئیں۔این سی ایم ای سی متاثرین اور مجرموں کی شناخت کرنے کی کوشش کرتا ہے، تنظیم پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کرتی ہے۔ہم نے ‘ہیک ٹیوسٹ’ گروپ سے رابطہ کیا جس کے ارکان ایکس پر بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر کی خرید و فروخت کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک نے ہمیں بتایا کہ حالات میں پہلے کے مقابلے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں آئی ہے۔انھوں نے ہمیں ایکس پر ایک ہی اکاؤنٹ کے بارے میں بتایا۔ اس اکاؤنٹ نے ڈسپلے پکچر کے طور پر ایک بچے کی تصویر لگا رکھی تھی۔ جو بظاہر کوئی غلط چیز نہیں تھی۔لیکن اکاؤنٹ کے بائیو میں موجود الفاظ اور ایموجیز سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس اکاؤنٹ کو چلانے والا شخص بچوں کے ساتھ جنسی استحصال پر مبنی مواد فروخت کرنے کا کام کرتا رہا تھا اور میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر ایک اکاؤنٹ کا لنک بھی ساتھ موجود تھا۔بچوں سے متعلق جنسی استحصال کے مواد کی خرید و فروخت کرنے والے فرد کا تعلق انڈونیشیا سے تھا اور وہ ’وی آئی پی پیکجز‘، تصاویر اور ویڈیوز دُنیا بھر میں موجود بچوں پر جنسی تشدد کرنے والے افراد کو فروخت کرنے کے لیے پیش کر رہا تھا۔گمنام کارکن ایکس پر اس تاجر کے متعدد اکاؤنٹس سے متعلق آگاہی دینے کا کام کر رہے تھے تاکہ انھیں پلیٹ فارم سے ہٹایا جا سکے۔ لیکن انھوں نے ہمیں بتایا کہ جب بھی ایک اکاؤنٹ ہٹایا جاتا یا بند کیا جاتا ہے تو اس کی جگہ کوئی اور نیا اکاؤنٹ لے لیتا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ یہ کاروبار کرنے والا فرد تقریباً ایک جیسے 100 سے زیادہ اکاؤنٹس کی نگرانی کر رہا تھا۔ کارکن نے ہمیں بتایا کہ جب اس نے ٹیلی گرام کا استعمال کرتے ہوئے ایک فرد سے براہ راست رابطہ کیا تھا تو اُن کی جانب سے جواب دیا گیا تھا کہ اُن کے پاس فروخت کے لیے ہزاروں ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔اُس نے ہمیں بتایا کہ ’میرے پاس سات سے 12 سال تک کی عُمر کے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز ہیں۔‘ اُس فرد نے مزید وضاحت کرتے ہوئے ہمیں یہ بھی بتایا کہ اُس کے پاس موجود مواد میں بچوں کے ریپ کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ہم نے خود ایسے مواد کی خریدوفروخت کرنے والے فرد سے رابطہ کیا۔انھوں نے مواد کے نمونوں کے لنکس فراہم کیے جنھیں کھولنے یا دیکھنے کی ہم میں ہمت نہیں تھی اس لیے ہم نہیں انھیں نہیں کھولا اور نہ ہی دیکھا۔ اس کے بجائے ہم نے ونی پگ میں کینیڈین سینٹر فار چائلڈ پروٹیکشن (سی پی) کے ماہرین سے رابطہ کیا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کرتے ہیں اور جن کے پاس قانونی طور پر اس طرح کے مواد کو دیکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔




