نومبر 26, 2026

شرپسند عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن، اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے: وزیر اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گوادر میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن جبکہ ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔ وزیرِ اعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، شرپسند عناصر کی معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں ان کی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔