وزیراعظم کا شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شوگر ملوں، شوگر ڈیلرز کے حوالے سے بڑا فیصلہ،ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں، شوگر کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں توازن رکھنے کیلئے وزیراعظم نے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سےٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی، سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی،چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے شوگرسٹہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں۔