چیمپئنز ٹرافی میں کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو دوسری ٹیم شامل کریں: محمد عامر

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ سب کچھ آئی سی سی کی وجہ سے ہوا، کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو دوسری ٹیم شامل کریں۔ ایک بیان میں محمد عامر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ابھی پاکستان کو نہیں ملی، اس کا بہت پہلے فیصلہ ہو چکا تھا، پاکستان نے گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن کے لیے بہت پیسہ لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا آپ اتنا پیسہ لگائیں اور ایک ٹیم اٹھ کر نہ کھیلنے کا اعلان کر دے اور کہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہو جانا چاہیے، نہ کھیلنے اور ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کے لیے کوئی وجہ بھی تو ہونی چاہیے۔ کرکٹر کا کہنا تھاکہ ابھی انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کرگئی ہیں، انکار کے لیے آپ کو مضبوط وجوہات بیان کرنا پڑتی ہیں اور وجہ تو اس وقت کچھ بھی نہیں ہے۔فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ اگر آپ نے اسے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے تو وہ آپ کی ہونی چاہیے اور اس کو الگ رکھیں، اگر آپ کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں، پاکستان کی میزبانی بڑی اچھی ہوتی ہے۔ محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ میں قصور وار آئی سی سی کو قرار دوں گا، یہ سب کچھ ان کی وجہ سے ہوا ہے، اگر کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو اس کی جگہ کوئی اور ٹیم شامل کرلیں، ٹورنامنٹ کرائیں۔