یو اے ای میں اساتذہ کیلئے گولڈن ویزا کا پروگرام

متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں اساتذہ کیلئے گولڈن ویزا سکیم متعارف کرائی گئی ہے، فی الحال2مرکزی کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔ یو اے ای کی ریاست راس الخیمہ کے پرائیویٹ سکول ایجوکیٹرز کے لیے نیا گولڈن ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے پروفیشنلز کو سیلف سپانسرڈ بنیاد پر طویل المیعاد قیام کی پیش کش کی جارہی ہے،اس پروگرام کا اعلان راس الخیمہ ڈپارٹمنٹ آف نالج نے کیا ہے جس کا مقصد تعلیمی میدان میں اساتذہ اور سکول لیڈرز کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سکول لیڈرز (پرنسپل اور وائس پرنسپل) اور اُن ٹیچرز کو ذہن نشین رکھا گیا ہے جو اس وقت راس الخیمہ کے پرائیویٹ سکولوں میں کام کر رہے ہیں،راس الخیمہ میں 3 سالہ رہائش اور ملازمت کے حامل افراد اس سکیم کے تحت درخواست جمع کراسکتے ہیں،متعلقہ ڈگری کے علاوہ سکول کی پرفارمنس میں مثبت کردار ادا کرنے کی شرط بھی مطلوب قابلیت کا حصہ ہے۔ درخواست گزاروں کو باضابطہ اپائنمنٹ لیٹر، تعلیمی قابلیت کے صداقت نامے، رہائش کی دستاویزات اور اسکول کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق صداقت نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔ درخواستیں راس الخیمہ ڈپارٹمنٹ آف نالج کے تحت دی جاسکیں گی جو قابلیت جانچنے کی کوئی فیس وصول نہیں کرے گا،درخواست قبول کیے جانے کی صورت میں بیوی یا شوہر، بچے اور والدین بھی طویل المیعاد رہائش کے لیے درخواست دے سکیں گے۔