چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے بھارت کی پاکستان نہ آنے کی ضد نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ذومعنی پیغام جاری کر دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ کرکٹ ایک نازک موڑ پر ہے، کرکٹ شاید 1970 کی دہائی کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے، یہ وقت ہے کہ اختلافات کو بھلا کر کھیل کو متحد کرنے کا موقع دیا جائے۔شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ اگر تاریخ نے 2 ممالک کو الگ کیا ہو اور وہ اولمپک سپرٹ میں اکٹھے ہو سکتے ہیں تو ایسا کرکٹ چیمپئنز ٹرافی میں کیوں نہیں ہو سکتا؟ اس کھیل کے نگران کے طور پر ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے انا کو قابو میں رکھیں۔شاہد آفریدی نے تلقین کی کہ ہمیں کرکٹ کی ترقی اور سپرٹ پر فوکس کرنا چاہیئے، پاکستان میں ہر ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں دیکھنے کے لیے پرامید ہوں، ساری ٹیمیں ہماری گرمجوشی اور مہمان نوازی کا تجربہ کریں گی۔