پنجاب میں کاشت کاروں کو گرین ٹریکٹر کی فراہمی کا آغاز

پنجاب میں کاشتکاروں کے لیے گرین ٹریکٹر کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گرین ٹریکٹر پروگرام کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جس میں اوکاڑہ کے محمد یاسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے پہلے، چکوال کے طالب حسین دوسرے اورڈیرہ غازی خان کے غلام اکبر ولد حاجی غلام حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تیسرے کاشتکار بن گئے۔ مریم نواز نے وزیراعلی اسکیم کے تحت دئیے جانے والے 4اقسام کے گرین ٹریکٹرز کا معائنہ کیا اور ٹریکٹر ڈرائیونگ کوخوشگوار تجربہ قرار دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زراعت کو میکانائزیشن کے جدید دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔ 25 سے 50 ایکٹر اراضی پر گندم اگانے والے کاشت کاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹر بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے وزیراعلی پنجاب کو گرین ٹریکٹراسکیم سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعلی گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت اوکاڑہ میں 339، چکوال میں 111 او رڈی جی خان میں 276کاشتکارو ں کوگرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے۔ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے دفاترسے گرین ٹریکٹراسکیم قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکارو ں کی لسٹ دستیاب ہے۔ اسکیم کے تحت 9500کاشتکارو ں کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔