جنوری 22, 2026

اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری میں 45 فلسطینی شہید

غزہ کے شمالی علاقے میں آج دن بھر جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں 45 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے علاقوں بیت لہیا، جبالیہ اور نصیرات میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ سب سے زیادہ شہادتیں بیت لہیا میں ہوئیں جہاں اسرائیل نے رہائشی علاقوں پر اندھا دھند بمباری کی۔ ملبے تلے اب بھی درجنوں فلسطینی دبے ہوئے ہیں۔جبالیہ میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر 4 نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ نصیرات میں بھی ایک بچے سمیت 5 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔گزشتہ برس 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔