غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرائیل کا ایک اور بدترین حملہ، 109 فلسطینی شہید

غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرائیل نے ایک اور بدترین حملہ کرتے ہوئے مزید 109 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین اور زندہ بچ جانے والوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں 200 سے زائد فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی، جائے وقوعہ پر تباہی کے ہولناک مناظر دیکھے گئے، ہر طرف پھٹی ہوئی لاشیں پھیل گئیں جبکہ خاک و خون آلود زخمی مدد کیلئے پکارتے رہے۔طبی ذرائع نے وفا خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ صبح سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے دیگر واقعات میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد آج شہید ہونے والوں کی تعداد 115 ہوگئی۔ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 61 ہوگئی ہے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔