جاپان کی خلائی ایجنسی نے چاند کے قطب جنوبی پر پانی کی تلاش کے لیے تیار کیے جانے والے جدید روور کا آزمائشی ماڈل پیش کر دیا ہے۔ جاپان اور بھارت کے اشتراک سے شروع ہونے والے اس مشن کا مقصد چاند پر پانی کے ذخائر کا سراغ لگانا اور مستقبل میں اسے راکٹ ایندھن کی تیاری کے لیے استعمال کرنا ہے۔جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی نے بدھ کو ٹوکیو میں چار ٹانگوں والے روور کا آزمائشی ماڈل صحافیوں کے سامنے پیش کیا۔ اس مشن کو LUPEX یعنی ’لُونر پولر ایکسپلوریشن‘ کا نام دیا گیا ہے جسے 2028 میں چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔سائنس دانوں کے مطابق چاند کے قطبی علاقوں میں ایسے مقامات موجود ہیں جہاں سورج کی روشنی کبھی نہیں پہنچتی۔ ان علاقوں کو مستقل تاریکی والے خطے کہا جاتا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ان مقامات پر چاند کی سطح کے قریب پانی برف کی شکل میں موجود ہو سکتا ہے۔LUPEX مشن کے ذریعے چاند پر پانی کی مقدار اور معیار سے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا مستقبل میں اس پانی کو خلائی مشنز کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔مشن کے پراجیکٹ مینیجر تاکیشی ہوشینو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل المدتی مقصد چاند پر موجود پانی کو راکٹ ایندھن میں تبدیل کرنا ہے۔ان کے مطابق راکٹوں میں آکسیجن اور ہائیڈروجن جلا کر توانائی پیدا کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں پانی بھی بنتا ہے۔ تاہم، اس پانی کو دوبارہ استعمال کے لیے محفوظ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ اس لیے چاند پر ہی ایندھن تیار کرنا مستقبل کے خلائی سفر کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔




