نومبر 26, 2026

پاکستان کی سائنس و ٹیکنالوجی کے سفر پر مبنی ڈاکومنٹری ’ستاروں سے آگے‘ جاری

پاکستان کے سائنس اورٹیکنالوجی کے سفرپرمبنی ولولہ انگیز ڈاکومنٹری’ستاروں سے آگے‘ جاری کردی گئی۔1947میں قیامِ پاکستان سے شروع ہونے والا سائنسی سفر،عزم،جدت،تحقیق اورانتھک محنت کی ایک شاندار داستان بن چکا ہے۔ ڈاکومنٹری میں پاکستان کی سائنسی ترقی کے تاریخی سنگِ میل،عظیم سائنس دانوں کی خدمات اور قومی عزم کوخراجِ تحسین پیش کیاگیا ہے۔محدودوسائل کے باوجود پاکستان نے جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے میدانوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پہلا پاکستانی خلابازذیشان علی ’شین ژو 24‘مشن کے ذریعے خلا میں سبز ہلالی پرچم کیساتھ قومی امنگوں کی نمائندگی کر رہا ہے۔
پوری پاکستانی قوم خوش، طلبہ فخر سے سرشار
پہلے پاکستانی خلابازمحمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر پوری قوم خوش ہے، خصوصاًطلبہ فخر سے سرشار ہیں۔پاکستانی خلاباز ذیشان علی کا خلائی سفرملک بھرکے تعلیمی اداروں میں بڑی اسکرینوں پردکھایا گیا ہے، جہاں طلبہ اپنے ہیروخلا باز محمد ذیشان علی کو خلا میں جاتے دیکھ کر بہت پُرجوش نظر آئے اور انہوں نے تالیاں بجاکرخوشی منائی۔بلوچستان، گجرانوالہ، پشاور، سوات اور سرگودھا میں طلبا و طالبات نے غیر معمولی جوش و خروش کا اظہارکیا ہے۔ اسی طرح مظفرآباد، کوٹلی، میرپور اور مشٹمبہ سمیت آزاد کشمیر میں بھی طلبہ نے پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی پرخوشی منائی ہے۔پاکستانی خلا بازمحمد ذیشان علی کا یہ کارنامہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔