کراچی: سندھ کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) کی جانب سے شہر کی 121 کم کارکردگی والی یونین کونسلز میں بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے اور معمول کی ویکسینیشن کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔اس مہم کا مقصد ایسے بچوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جو اب تک حفاظتی ٹیکوں کی کسی بھی خوراک سے محروم ہیں یا جن کی ویکسینیشن کا مقررہ کورس نامکمل ہے۔اس سلسلے میں ضلع کورنگی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اشفاق حسین میمن نے نصیر کالونی کے علاقے میں واقع افسرِی کلینک، سیکٹر ڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ میں جاری ویکسینیشن سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ویکسینیشن ٹیم کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے عمل، ویکسینیشن سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی اور گھر گھر جا کر بچوں تک رسائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔خصوصی مہم کے تحت صفر خوراک لینے والے بچوں اور ویکسینیشن کا کورس مکمل نہ کرنے والے بچوں کو تلاش کرکے انہیں حفاظتی ٹیکے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ای پی آئی سندھ کے مطابق اس سرگرمی کا بنیادی مقصد معمول کی ویکسینیشن کی کوریج میں بہتری لانا، رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے دائرے میں لانا اور والدین میں بچوں کی بروقت ویکسینیشن سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے، تاکہ بچوں کو قابلِ تدارک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔




