نومبر 11, 2026

امریکی جیل میں وینزویلا کے معزول صدر کا نیا روحانی سفر، قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ شروع کردیا

نیویارک: وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو امریکی جیل میں قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں۔ جیل میں ان کے حالات سے واقف افراد کے مطابق مادورو نے ایک روحانی سفر کا آغاز کیا ہے اور وہ مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ مادورو بروکلن کی ایک جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اپنا زیادہ تر وقت قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔ انہوں نے جیل میں ایک عیسائی پادری اور یہودی ربی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔رپورٹ کے مطابق مادورو طویل عرصے سے روحانیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں عوامی سطح پر یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے اور ان کا تعلق ایک سفاردی یہودی خاندان سے تھا، جو گزشتہ صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا منتقل ہوا تھا۔تاہم مادورو کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے پہلے انہوں نے یہودیت میں اتنی گہری دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔مادورو نے اپنے سیاسی دور میں وینزویلا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل عیسائی برادری کے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔ وہ خود کو عملی طور پر کیتھولک قرار دیتے رہے اور ایک ایسے پادری سے قریبی تعلقات رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔رپورٹ کے مطابق مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔مادورو کو امریکا میں کوکین کی بڑی مقدار اسمگل کرنے میں مبینہ سہولت کاری سمیت سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف آئندہ سال مقدمہ چلایا جائے گا۔ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی فردِ جرم میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم ان الزامات پر عدالت کا حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔