واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا فیچر تیار کر رہا ہے جس کے ذریعے کسی چیٹ کو کھولے بغیر اس کے حالیہ پیغامات دیکھے جا سکیں گے، اور بھیجنے والے کو بلیو ٹِک بھی نظر نہیں آئے گا۔ اس سہولت کا انکشاف واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن سے متعلق رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ میں ایک نیا ’کانٹیکسچوئل مینیو‘ تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ مینیو ہوم اسکرین پر کسی چیٹ کو کچھ دیر دبا کر رکھنے سے سامنے آئے گا۔ اس میں معمول کے اختیارات کے ساتھ ایک پریویو کارڈ بھی شامل ہوگا، جہاں منتخب چیٹ کے تازہ پیغامات دیکھے جاسکیں گے۔اس مینیو میں چیٹس کو ان ریڈ مارک کرنے، پن کرنے اور آرکائیو کرنے سمیت متعدد سہولتیں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ چیٹ لاک کرنے، کسی فہرست میں شامل کرنے، چیٹ کی معلومات دیکھنے اور ہوم اسکرین پر شارٹ کٹ بنانے کے اختیارات بھی موجود ہوں گے۔اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ پریویو میں پیغام پڑھنے کے باوجود اسے بھیجنے والے کے پاس بلیو ٹِک ظاہر نہیں ہوگا۔ پیغام کو پڑھا ہوا تبھی شمار کیا جائے گا جب صارف متعلقہ چیٹ کھولے گا۔ تاہم یہ سہولت فی الحال آزمائشی بیٹا ورژن میں سامنے آئی ہے، اس لیے تمام صارفین تک اس کی فراہمی کی تاریخ واضح نہیں۔




