اکتوبر 24, 2026

فالس فلیگ آپریشن بھارتی روایت ہے، پاکستان ہرلمحہ تیار ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فالس فلیگ آپریشن کرنا بھارتی روایت ہے، جس کے لیے پاکستان ہرلمحہ تیار ہے۔مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر دفتر خارجہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے تمام خفیہ نکات کی تردید کر دی ہے۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مکہ معاہدے کی توثیق کے تمام مراحل مکمل کر لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا مسودہ منظر عام پر آ چکا ہے، وہی حتمی ہے اور اس میں کوئی بھی خفیہ شق شامل نہیں ہے۔سجاد حیدر خان نے مزید کہا کہ ہر ملک کے پاس اس معاہدے کی توثیق کا اپنا الگ طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت ترکیہ کی پارلیمنٹ میں بھی اس کی توثیق کی جا رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس دفاعی معاہدے کی شقیں کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں، بلکہ محض مشترکہ دفاعی تعاون کے لیے ہیں۔بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فالس فلیگ آپریشن کرنا بھارت کی پرانی روایت رہی ہے اور پاکستان کسی بھی قسم کے بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت اور مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔