اکتوبر 13, 2026

اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز کھٹملوں کے باعث منسوخ، مسافر پھنس گئے

آسٹریلیا کی ایئرلائن قنطاس کی اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز اس وقت منسوخ کردی گئی جب طیارے میں کھٹملوں کی موجودگی اور مسافروں کو کاٹنے کی شکایات سامنے آئیں۔رپورٹس کے مطابق 9 اکتوبر کو پرتھ سے روم جانے والی تقریباً 17 گھنٹے کی پرواز میں اکانومی کلاس کے بعض مسافروں نے کھٹمل کے کاٹنے کی شکایت کی۔روم پہنچنے کے بعد بوئنگ 787 طیارے کو سروس سے ہٹا کر مکمل صفائی اور جراثیم کش کارروائی کے لیے بھیج دیا گیا۔اس صورتحال کے باعث 10 اکتوبر کو روم سے پرتھ جانے والی واپسی کی پرواز منسوخ کرنا پڑی۔ قنطاس نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور مینٹیننس ٹیم نے طیارے کی گہری صفائی کی، جبکہ متاثرہ مسافروں کو رہائش فراہم کرکے 48 گھنٹوں کے اندر متبادل پروازوں پر منتقل کیا گیا۔کھٹمل عموماً کپڑوں، سامان یا دیگر ذاتی اشیا کے ذریعے طیارے تک پہنچ سکتے ہیں اور نشستوں کی درزوں میں چھپ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان کے کاٹنے سے خارش اور جلد پر سوجن ہوسکتی ہے، تاہم عام طور پر یہ کیڑے انسانوں میں بیماری منتقل کرنے کے لیے معروف نہیں ہیں۔قنطاس کا کہنا ہے کہ طیاروں کی باقاعدہ صفائی کی جاتی ہے اور احتیاطی طور پر ہر 50 دن بعد جراثیم کش عمل بھی کیا جاتا ہے۔