اکتوبر 7, 2026

حوثیوں کا سعودی عرب پر بڑا حملہ، ریاض اور ابہا ایئرپورٹس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

صنعا: یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف علاقوں میں اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔حوثی ملیشیا کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جبکہ ابہا ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔حوثیوں نے مزید دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں واقع ایک ایئربیس کو بھی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔حوثی گروپ کی جانب سے جاری بیان میں حملوں کی نوعیت، ان کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب دستیاب اطلاعات کے مطابق سعودی عرب نے تاحال حوثیوں کے ان حملوں کی تصدیق نہیں کی۔ اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حوثی گروپ ماضی میں بھی سعودی عرب کے مختلف فوجی اور شہری اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کرتا رہا ہے، جبکہ سعودی قیادت میں اتحاد کئی مواقع پر حوثی حملوں کو روکنے اور میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔حالیہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب یمن کے تنازع اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں۔