اکتوبر 7, 2026

ریاض پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام، سعودی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائل مار گرایا

ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ریاض کے شمالی علاقے کو نشانہ بنا کر داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی قیادت میں یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بدھ کو بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کے شمال میں بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق سعودی دفاعی نظام نے میزائل کو بروقت شناخت کرکے فضا میں ہی روک لیا اور تباہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل حوثی ملیشیا کی جانب سے لانچ کیا گیا تھا۔ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں حوثیوں کو ’دہشت گرد حوثی ملیشیا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔یہ واقعہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے۔ حوثی گروپ ماضی میں بھی سعودی عرب کے مختلف علاقوں، فوجی تنصیبات اور اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کے دعوے کرتا رہا ہے۔سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی حدود اور شہری آبادیوں کے تحفظ کے لیے میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔