شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھے ہوئے تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ وطن عزیز کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔




