رحیم یار خان: صادق آباد کے تھانہ احمد پور لمہ کی حدود موضع بوہی واڑ میں رات گئے مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے سردار عالمگیر خان کوش سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق یاسین کوش کے گھر مہمان آئے سردار عالمگیر خان کوش کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سردار عالمگیر خان کوش کا گارڈ معشوق علی اور میزبان یاسین کوش کا بیٹا ناظم بھی جاں بحق ہوگیا۔مقتول سردار عالمگیر خان کوش کا تعلق کشمور کے علاقے گھیلوپور کے گاؤں میر صاحب کوش سے تھا، فائرنگ کا واقعہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا۔جاں بحق تینوں افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کی گئیں، تھانہ احمد پور لمہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی۔سردار عالمگیر خان کوش کا کچے میں سرنڈر پالیسی کے حوالے سے نمایاں کردار رہا ہے۔سابقہ دشمنی پر تہرے قتل کی واردات کے معاملے پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد گرفتار کر لیں گے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بستی شیر بہادر دینوں شاہ میں ڈیرے پر سوئے سردار عالمگیر، معشوق حسین اور ناظم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔




