اگست 10, 2026

گروک کے لیے نیا Imagine Image 2.0 ماڈل متعارف

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس اے آئی نے امیجِن ایمیج 2.0 متعارف کرا دیا ہے۔ یہ نیا ورژن گروک کی ویب پر موجود امیجِن سروس اور آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ایپس میں نئے کوالٹی موڈ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔نیا ماڈل خاص طور پر ایسے تخلیقی کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں تصاویر کا درست لے آؤٹ، واضح تحریر اور بار بار استعمال ہونے والے بصری عناصر کو برقرار رکھنا ضروری ہو۔کمپنی کے مطابق ایمیج 2.0 تفصیلی ہدایات پر عمل کرنے، پیچیدہ ڈیزائنز میں ٹائپوگرافی اور لے آؤٹ ترتیب دینے اور چھوٹے متن کو واضح رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ صارف کی فراہم کردہ اشیا کو نئی تصاویر یا ایڈیٹس میں بھی برقرار رکھ سکتا ہے۔ تاہم، اس ماڈل کی اے پی آئی رسائی ابھی دستیاب نہیں اور اسے بعد میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔نئے ماڈل میں ایڈیٹنگ کے لیے مختلف ٹولز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ صارف میجک وینڈ یا سیگمنٹیشن کے ذریعے تصویر کے کسی مخصوص حصے کو منتخب کرکے اس میں تبدیلی کر سکتا ہے جبکہ تصویر کے باقی حصے کو جوں کا توں رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بیک گراؤنڈ ہٹا کر تصویر کو شفاف فارمیٹ میں محفوظ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ایمیج 2.0 ایک ہی جنریشن میں زیادہ سے زیادہ پانچ ریفرنس تصاویر استعمال کرنے کی سہولت بھی دیتا ہے جس سے پیچیدہ مناظر تیار کرتے وقت مختلف تصاویر کو دستی طور پر جوڑنے کی ضرورت کم ہو سکتی ہے۔اس کے اسمارٹ ری سائز فیچر کے ذریعے تصویر کو مطلوبہ فریم کے مطابق بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ 1:2 اور 9:16 سمیت اسکوائر، لینڈ اسکیپ اور 2:1 جیسے مختلف تناسب بھی دستیاب ہیں۔