جولائی 29, 2026

آسٹریلیا کا 2027 ورلڈکپ کیلیے اسکواڈ کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ

آسٹریلیا کے ورلڈ کپ جیتنے والے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے 2027 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اسکواڈ کا حجم بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کے تحت ٹورنامنٹ میں زیادہ میچز کھیلے جائیں گے اس لیے 15 رکنی اسکواڈ ناکافی ثابت ہو سکتا ہے۔آئی سی سی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ 2027 کا ورلڈ کپ 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا جس میں گروپ مرحلے سے قبل سپر سیریز اور بعد ازاں سپر 7 مرحلہ شامل کیا گیا ہے۔اس فارمیٹ میں چیمپئن ٹیم کو کم از کم 13 اور بعض صورتوں میں 15 میچز کھیلنے پڑ سکتے ہیں۔میکڈونلڈ نے یاد دلایا کہ 2023 ورلڈ کپ میں ٹریوس ہیڈ کی انجری کے باعث آسٹریلیا کو محدود فٹ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا تھا جس سے ٹیم کے انتخاب پر اثر پڑا۔ان کے مطابق اگر اسکواڈ 17 رکنی ہو تو انجری کا شکار اہم کھلاڑیوں کو ساتھ رکھنا اور مختلف کنڈیشنز کے مطابق کمبی نیشن بنانا آسان ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلسل بین الاقوامی کرکٹ کے باعث کھلاڑی پہلے ہی جسمانی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اس لیے آئی سی سی کو بڑے اسکواڈز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا کہ نئے فارمیٹ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے مواقع محدود کر دیے گئے ہیں۔