جولائی 8, 2026

جنگ بندی کا خاتمہ، ٹرمپ کے بیان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد بڑا اضافہ

انقرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کی بنیاد بننے والی مفاہمتی یادداشت اب مؤثر نہیں رہی، عالمی مالیاتی اور توانائی کی منڈیوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر انقرہ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا فریم ورک اب ختم ہو چکا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب دونوں ممالک کے درمیان رات بھر حملوں کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ٹرمپ کے بیان کے فوری بعد عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 6 فیصد اضافے کے ساتھ 78 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جس سے ظاہر ہوا کہ سرمایہ کار مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی کے حوالے سے دوبارہ تشویش کا شکار ہیں۔ادھر یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور اہم اشاریے تقریباً 1.6 فیصد گر گئے۔ اسی دوران امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ جبکہ حکومتی بانڈز کی منافع بخش شرح بھی بلند ہو گئی۔معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھتی ہے تو عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کا دباؤ دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال پر آئندہ چند روز عالمی مالیاتی منڈیوں کی نظریں مرکوز رہیں گی، کیونکہ کسی بھی نئی فوجی پیش رفت کے عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور سرمایہ کاری پر براہِ راست اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔