جولائی 7, 2026

چاکلیٹ کے شوقین افراد کیلئے 8 حیران کن حقائق

چاکلیٹ دنیا بھر کی مقبول ترین غذاؤں میں شمار ہوتی ہے مگر اس کی تاریخ اور تیاری سے جڑے کئی دلچسپ حقائق کم ہی لوگ جانتے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قدیم تہذیب میں کوکو کے دانے کرنسی کے طور پر استعمال ہوتے تھے اور ان کے ذریعے خوراک، کپڑے اور دیگر اشیاء خریدی جاتی تھیں۔بعض مؤرخین کے مطابق 100 کوکو دانوں کے بدلے ایک ٹرکی (پرندے کی ایک نسل) کو خریدا جا سکتا تھا۔کوکو کے درخت کی پھلیاں شاخوں کے بجائے سیدھا تنے اور موٹی شاخوں پر اگتی ہیں، ہر پھلی میں عموماً 20 سے 60 دانے ہوتے ہیں جن سے بعد میں چاکلیٹ تیار کی جاتی ہے۔ایک عام چاکلیٹ بار بنانے کے لیے تقریباً 400 کوکو دانے درکار ہوتے ہیں، ان دانوں کو ہاتھ سے توڑا جاتا ہے، پھر خمیر، دھوپ میں خشک، بھونا اور مختلف مراحل سے گزار کر چاکلیٹ تیار کی جاتی ہے۔چاکلیٹ انسانی جسم کے درجۂ حرارت سے کچھ کم درجۂ حرارت پر پگھلتی ہے، اسی لیے منہ میں جاتے ہی نرم اور کریمی محسوس ہوتی ہے۔سفید چاکلیٹ میں کوکو بٹر، دودھ اور چینی شامل ہوتی ہے لیکن اس میں کوکو کے ٹھوس اجزاء موجود نہیں ہوتے، اسی وجہ سے اس کا ذائقہ اور رنگ عام چاکلیٹ سے مختلف ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق چاکلیٹ میں 600 سے زائد قدرتی خوشبو والے مرکبات پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے اس میں میوؤں، پھولوں، پھلوں، مٹی اور کافی جیسی مختلف مہک اور ذائقے محسوس ہوتے ہیں۔ابتدائی دور میں چاکلیٹ کو کھایا نہیں بلکہ اسے پیا جاتا تھا، اس مشروب کو پسے ہوئے کوکو کے دانوں، پانی، مرچ اور مختلف جڑی بوٹیوں یا مسالوں سے تیار کیا جاتا تھا جس کا ذائقہ کڑوا اور تیز ہوتا تھا۔دنیا کی سب سے بڑی چاکلیٹ بار کا وزن 5,000 کلو گرام سے زیادہ تھا جو کئی ہاتھیوں کے وزن کے برابر تھا، اسے عالمی ریکارڈ قائم کرنے اور چاکلیٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔