امریکا اور بیلجیئم کے درمیان فیفا ورلڈکپ 2026 کا اہم میچ پیر کی شب کھیلا گیا جس میں بیلجیئم نے میزبان امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔یہ میچ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل تھا کہ امریکی کھلاڑی بالوگن کو ریڈ کارڈ کے باعث ایک میچ کی معطلی کا سامنا تھا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت پر فیفا نے فوری معطلی مؤخر کرکے کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔ بیلجیئم کی جانب سے فیفا کے اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کی گئی تھی تاہم فیفا نے اسے رد کردیا تھا۔میچ سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا یہ مقابلہ ہار گیا تو وہ اسے ’فکسڈ‘ قرار دیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اپنی مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور اگر بیلجیئم کامیاب ہوتا ہے تو اسے اس کامیابی پر فخر ہونا چاہیے۔تاہم انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر امریکا ہارا تو وہ کہیں گے کہ یہ میچ بھی 2020 کے صدارتی انتخاب کی طرح ’فکسڈ‘ تھا، البتہ اس معاملے پر مزید بات نہیں کریں گے۔




