جون 12, 2026

لیپ ٹاپ کو کتنے دنوں میں ری اسٹارٹ کرنا چاہیے؟

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ موجودہ عہد کے کمپیوٹرز نے ہم سب کی عادات کو کافی حد تک بگاڑ دیا ہے۔آپریٹنگ سسٹمز اب کم پاور پر بھی کام کرتے ہیں یعنی سلیپ یا اسٹینڈ بائی موڈ پر جبکہ فوراً دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ویسے تو یہ ایسا فیچر ہے جس کے بغیر لیپ ٹاپ کے استعمال کا تصور کرنا ممکن نہیں مگر اپنے لیپ ٹاپ کو مسلسل لو پاور موڈز پر رکھنا اور کبھی ری اسٹارٹ یا شٹ ڈاؤن نہ کرنا اس کی کارکردگی کو سست بنانے یا غیرمتوقع شٹ ڈاؤن کا باعث بن سکتا ہے۔جیسے آپ کو اپنے اسمارٹ ٹی وی کو اکثر ری اسٹارٹ کرنا چاہیے، ویسے ہی لیپ ٹاپ کے ساتھ بھی ایسا کرنا ضروری ہوتا ہے۔لیپ ٹاپ اسکرین کو ایسے ہی نیچے گرا دینے میں کوئی نقصان نہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ اکثر ری اسٹارٹ کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ ہفتے میں کم از کم ایک بار لیپ ٹاپ کو ری اسٹارٹ کرنا چاہیے جس سے ڈیوائس کی زندگی طویل ہوتی ہے۔اگر آپ لیپ ٹاپ کو بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں تو پھر ہفتے میں 2 بار ری اسٹارٹ کرنا چاہیے۔اسی طرح اگر آپ کچھ دنوں تک لیپ ٹاپ کو استعمال کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے تو اسے شٹ ڈاؤن کر دیں۔لیپ ٹاپ کسی بھی کمپنی کا ہو، سب کو ری اسٹارٹ کرنے سے ایک جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ایسا کرنے سے cache اور میموری کلیئر ہوتی ہے، آپریٹنگ سسٹم دوبارہ شروع ہوتا ہے جبکہ سسٹمز اپ ڈیٹس کا اطلاق درست طریقے سے ہوا ہے۔عام طور پر کمپیوٹرز میں نئی اپ ڈیٹس ری اسٹارٹ ہونے پر انسٹال ہوتی ہیں جس سے ہارڈ وئیر یا سافٹ وئیر مسائل کی روک تھام ہوتی ہے۔اگر لیپ ٹاپ کو کبھی ری اسٹارٹ نہ کیا جائے تو بیک گراؤنڈ میں کام کرنے والی ایپس کے نتیجے میں ریم کی گنجائش بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے اور ڈیوائس اکثر کریش ہونے لگتی ہے۔