جون 11, 2026

کراچی میں شدید گرمی، ماہرین نے شہریوں کو کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا؟

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی بڑھتے ہی مختلف قسم کے انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔طبی ماہرین نے کراچی کے شہریوں کو گرمی کے موسم میں باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری مشروبات اور کھانوں سے معدے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔طبی ماہرین نے شہریوں کو مزید مشورہ دیا ہے کہ ہلکے کپڑے پہنیں، باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ لیں اور پانی ابال کر پیئیں۔طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلد کو صاف اور خشک رکھیں تاکہ دانوں اور الرجی سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ کے اکثر اضلاع میں 12 جون تک درمیانی سے شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔کراچی میں بھی موسم شدید گرم اور پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، شہر میں آج پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغرب سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔