برطانیہ نے چھ خلیجی ریاستوں کے ایک گروپ کے ساتھ 3.7 ارب پاؤنڈز کا تجارتی معاہدہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے کہا ہے کہ بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدہ مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد خطے میں برطانوی برآمدات پر سالانہ 580 ملین پاؤنڈز کا ٹیرف ختم کر دے گا۔حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے برطانوی فرموں کے لیے خلیج میں توسیع اور شراکت داری آسان ہو جائے گی، جس سے ملازمتوں میں مدد ملے گی۔برطانوی مصنوعات جن کے ٹیرف کو ہٹا دیا جائے گا ان میں چیڈر چیز، مکھن اور چاکلیٹ شامل ہیں۔ برطانیہ اور گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) کے درمیان تجارتی معاہدہ ہندوستان اور جنوبی کوریا کے بعد وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت کا تیسرا معاہدہ ہے۔بین الاقوامی چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) برطانیہ کے سیکرٹری جنرل کرس ساؤتھ ورتھ نے اس معاہدے کا خیرمقدم کیا جس کا مقصد ’کاروباری اعتماد میں اضافہ‘ ہے۔دوسری جانب ایکٹیوسٹ گروپوں نے اس ڈیل میں انسانی حقوق اور مزدوروں کے تحفظ سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔




