دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئی فون کی نئی سیریز 17 لانچ ہوچکی ہے مگر اب اگر آپ ایپل آئی فون 17 کے نئے فون خرید چکے یا خریدنے والے ہیں تو جان لیں کہ اس نئی سیریز میں ایپل انٹیلی جنس (AI) فیچر میں بگ کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایپل آئی فون 17 سیریز متعارف کیے جانے کے چند روز بعد ہی خریداروں کی جانب سے نئی سیریز کے متعارف کردہ چاروں ماڈلز میں سافٹ وئیر بگ کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔اطلاعات ہیں کہ آئی فون 17 کے بیشتر صارفین کو اپنے فونز میں ایپل انٹیلی جنس (Al) فیچرز ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات ہو رہی ہیں جس کے باعث صارفین نئی سیریز کے فونز میں AI فیچرز اور ٹولز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔اطلاعات ہیں کہ فون کی اسٹوریج میں موجود AI فیچرز کو انسٹال کرنے کے باوجود بھی یہ فیچرز ڈیوائس پر کام نہیں کررہے۔رپورٹس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ایپل انتظامیہ اس بگ سے واقف ہے اور جلد ہی آئی فون 17 کے صارفین کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم ایپل پارک میں منعقدہ سالانہ تقریب میں آئی فون سیریز کا 17 واں ایڈیشن شاندار اور فخریہ انداز میں متعارف کروایا گیا تھا۔ایپل کے اس اہم ایونٹ میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون ایئر، ایپل واچ 11، ایپل واچ ایس ای 3، ایپل واچ الٹرا 3 اور ایئرپوڈز پرو 3 متعارف کروائے گئے۔تقریب میں نئی مصنوعات کی رونمائی نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ ایونٹ کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی چیز تھی آئی فون 17 ایئر، جسے ایپل کے سی ای او ٹِم کُک نے گیم چینجر قرار دیا ہے۔ اُن کے مطابق یہ صرف ایک فون نہیں، بلکہ مستقبل کی جھلک ہے۔
آئی فون17 سیریز کی سب سے خاص بات کیا ہوگی؟
ایپل کا دعویٰ ہے کہ آئی فون 17 سیریز کمپنی کی اب تک کی سب سے پائیدار، اسمارٹ اور طاقتور ڈیوائس ہے، جس کی قیمت 999 امریکی ڈالر سے شروع ہو رہی ہے۔اس کی قیمت سن کر اگرچہ دل سا تھوڑا بیٹھ سا جاتا ہے مگر فیچرز دیکھ کر دل میں شوق پھر سے جاگ اُٹھتا ہے۔




