نومبر 26, 2026

صحت کارڈ میں تین بڑی بیماریوں کا علاج شامل کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے گردے، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کا علاج صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مشیراطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ سروسز مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گردے، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کا خرچ بھی حکومت برداشت کرے گی جبکہ کوکلیئر امپلانٹ کا خرچ بھی حکومت اٹھائے گی۔مشیراطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہاکہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو بھی جلد صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا،اس حوالے سے وزیرِاعلیٰ نے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں،علاج، تحقیق اور صنعتی مقاصد کے لیے کینابیس پلانٹ کے استعمال سے متعلق قواعد کی منظوری بھی دی گئی ہے۔