بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، بھارتی فضائیہ کی نا اہلی اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ایک بار پھر منظر عام پر آگئی۔بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں کا شکار ہے، بھارتی فضائیہ کا خطے کی طاقتور ایئر فورس بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ مودی سرکار کی کرپشن اور ذاتی فوائد نے بھارتی فضائیہ کو نااہلی کی نذر کردیا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں، 13 فروری 2024 کو بھارتی فضائیہ کا ہاک ایم کے-132 تربیتی طیارہ مغربی بنگال کے کلائیکنڈا ایئر فورس سٹیشن کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ بارہ مارچ 2024 کو بھارتی فضائیہ کا لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ راجستھان کے علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، 3 اپریل 2024 کو لداخ میں آپریشنل تربیتی مشن کے دوران بھارتی فضائیہ کے اپاچی ہیلی کاپٹر کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔جون 2024 میں ناسک، مہاراشٹرا میں بھارتی فضائیہ کا سخوئی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو ا، ستمبر 2024 میں ایک مگ تھری طیارہ ساحل پر جبکہ راجستھان کے ضلع باڑ میر میں مگ 29 طیارہ رات کو تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کا شکار ہو کر گر گیا۔




