جولائی 10, 2026

وزیراعظم کی جعفر ایکسپریس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ڈھاڈر، بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے انکا سدباب کر رہے ہیں۔ انھوں ںے کہا کہ دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، سیکورٹی فورسز بروقت کاروائی اور بہادری سے بزدل دھشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ شہباز شریف کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیاب ہونگے اور بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم کے مطابق بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشتگرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کا رمضان المبارک کے پر امن اور بابرکت مہینے میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی واضح عکاسی ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں ںے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاکستان میں بد امنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔