نومبر 10, 2026

ناٹنگھم فاریسٹ کا انجریز سے بچاؤ کے لیے جدید بلڈ ٹیسٹ کا تجربہ

انگلش پریمیئر لیگ کا ایک کلب خون کے ایک نئے ٹیسٹ کا تجربہ کر رہا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو پہلے ہی خبردار کرنا ہے کہ ان میں انجری کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اس ٹیسٹ کے تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے پیشہ ور کھلاڑی اپنی 40 سال کی عمر کے بعد بھی کھیلوں کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔ناٹنگھم فاریسٹ نے گلاسگو کی بائیوٹیکنالوجی کمپنی اینٹوریج کے ساتھ مل کر 12 ہفتوں پر مشتمل ایک تحقیقی مطالعہ شروع کیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس تحقیق میں کلب کی 25 کھلاڑیوں پر مشتمل مردوں کی بی ٹیم کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔فٹبالرز کے خون کے نمونے ہفتے میں دو مرتبہ لیے جائیں گے جن کا تجزیہ کر کے ہزاروں پروٹینز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس طرح محققین یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ مختلف کھلاڑیوں کے جسم پر ٹریننگ، میچز، انجری اور صحت یابی کے عمل کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔تحقیق کے نتائج کا کلب کے موجودہ ٹریننگ ریکارڈ، کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور طبی معلومات کے ساتھ موازنہ کیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا خون میں پروٹینز کے مخصوص پیٹرنز سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کسی کھلاڑی کو بغیر کسی بیرونی ٹکراؤ کے پٹھوں یا نرم بافتوں (سافٹ ٹشوز) کی انجری ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے یا نہیں۔یوئیفا (یو ای ایف اے) کے مطابق 2021-22 کے سیزن میں انجریز کے باعث کھلاڑیوں کے جتنے دن کھیل سے باہر گزرے، ان میں سے ہر پانچ میں سے ایک دن صرف ہیمسٹرنگ (ران کے پچھلے حصے کے پٹھوں) کی انجری کی وجہ سے ضائع ہوا۔ یہ شرح دو دہائیاں پہلے کے مقابلے میں دُگنی تھی۔انگلش پروفیشنل فٹبال میں ہونے والی ایک علیحدہ تحقیق کے مطابق ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کھلاڑی اوسطاً 19 دن تک کھیل سے باہر رہتا ہے۔