اکتوبر 9, 2026

ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں سعودیہ ایئر لائنز کا پائلٹ بھی جاں بحق ہوا، حکام کی تصدیق

ریاض: سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریاض ایئرپورٹ پر دو حملوں کے نتیجے میں سعودیہ ایئرلائنز کے پائلٹ سمیت 3 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔سعودیہ ایئرلائنز نے اپنے بیان میں پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جمعرات کو ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں جان سے گئے۔عرب نیوز کے مطابق پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات جبکہ دوسرے حملے میں سعودیہ ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔سعودی سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی کے مطابق حملوں کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام نے کارروائی شروع کردی۔ حملوں میں تین سعودی شہری ہلاک ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متعلقہ سکیورٹی اداروں کے تعاون سے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسافروں سمیت ایئرپورٹ عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایئرپورٹ کی تمام آپریشنل سرگرمیاں بحال کردی گئی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔