اکتوبر 2, 2026

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے یادگار فائنلز پر ایک نظر

بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں مختلف فارمیٹس میں 212 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں تاہم ٹورنامنٹ کے فائنلز میں دونوں روایتی حریفوں کا مقابلہ نسبتاً کم ہوا ہے۔گزشتہ 41 برس میں دونوں ٹیموں کے مابین صرف چھ فائنلز ہوئے جن میں کئی مقابلے آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
1985، میلبرن: ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ
1985 میں میلبرن میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔
سری کانت نے 67 اور روی شاستری نے ناقابلِ شکست 63 رنز بنائے۔
1986، شارجہ: آسٹرل ایشیا کپ (میانداد کا یادگار چھکا)
1986 میں شارجہ کے میدان میں کھیلے گئے آسٹرل ایشیا کپ کا فائنل اس کے برعکس انتہائی سنسنی خیز رہا۔پاکستان کو جیت کے لیے آخری گیند پر چار رنز درکار تھے اور جاوید میانداد نے چیتن شرما کی گیند پر یادگار تاریخی چھکا لگا کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلائی۔ وہ 116 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
1994، شارجہ: آسٹرل ایشیا کپ
1994 میں شارجہ کے میدان میں آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل میں سعید انور اور عامر سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔عامر سہیل نے 69 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
2007، جوہانسبرگ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ
2007 میں پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دی۔
مصباح الحق پاکستان کو جیت کے انتہائی قریب لے گئے۔ آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے جب دھونی نے ایک ایسے بولر کو اوور دیا جو اس کے بعد بھارت کے لیے کبھی نہیں کھیلے۔جوگندر شرما نے پہلی گیند وائیڈ کروائی اور دوسری گیند پر مصباح الحق نے چھکا لگا دیا۔ یوں پاکستان کو جیت کے لیے 4 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے اور 43 رنز کے ساتھ کریز پر موجود مصباح کے ہوتے بظاہر یہ آسان دکھائی دے رہا تھا۔تاہم اس اعصابی مقابلے میں آف اسٹمپ کے باہر ملنے والی تیسری گیند پر مصباح الحق اسکوپ کھیلنے کی غلطی کرگئے اور شارٹ فائن لیگ پر موجود سری سانتھ کو کیچ تھما بیٹھے۔
2017، لندن: چیمپئنز ٹرافی
2017 کی چیمپئنز ٹرافی تو بیشتر کرکٹ شائقین کو یاد ہی ہوگی جب آٹھویں رینکنگ والی ٹیم پاکستان نے لندن کے میدان میں ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم بھارت کو ریکارڈ ساز تاریخی شکست دی۔ دیسیملبوساتچیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دی جو کسی بھی آئی سی سی میگا ایونٹ کے فائنل میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔اس میچ میں فخر زمان کی سنچری اور محمد عامر کی تباہ کن بولنگ نمایاں رہی۔
2025، دبئی: ایشیا کپ
گزشتہ برس ستمبر میں ایشیا کپ فائنل میں بھی دونوں ٹیمیں مدِمقابل آئیں جہاں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو گیندوں قبل پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اب دونوں ٹیمیں 3 اکتوبر کو صبح ساڑھے 9 بجے جاپان میں شیڈول ایشین گیمز کے فائنل میں پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔