کراچی کے چار بڑے سرکاری و فلاحی اسپتالوں میں 9 ماہ کے دوران 40 ہزار سے زائد کتوں کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے.انڈس اسپتال کراچی میں جنوری سے ستمبر تک کتوں کے کاٹنے کے 14 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے. جناح اسپتال اور سول اسپتال کراچی میں 9 ماہ کے دوران تقریباً 10،10 ہزار ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہوئے.کراچی کے دیگر اسپتالوں میں بھی 9 ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 7 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے، انڈس اسپتال کراچی میں 9 ماہ کے دوران ریبیز سے 26 افراد جاں بحق ہوئے.انڈس اسپتال بدین میں ریبیز سے ایک جبکہ جناح اسپتال کراچی میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں، سندھ میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی.ماہرین نے کہا کہ آوارہ کتوں کی افزائش پر قابو پانے کیلئے نس بندی ضروری ہے، ویکسینیشن پروگرام مؤثر انداز میں چلانے کی ضرورت ہے. صرف اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی کافی نہیں.کتے کے کاٹنے پر زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ دھونا ہے، کتے کے کاٹنے کے بعد گھریلو ٹوٹکوں سے گریز کریں، بروقت اینٹی ریبیز ویکسین اور ضرورت کے مطابق ریبیز امیونوگلوبیولین زندگی بچا سکتے ہیں.




