ستمبر 25, 2026

آئی فون صارفین کے لیے واٹس ایپ میں تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹس کی انٹری

واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم کو مزید وسیع کرتے ہوئے آئی فون صارفین کے لیے تھرڈ پارٹی ایجنٹس سے براہ راست چیٹ کی سہولت متعارف کرانا شروع کردی ہے۔ یہ فیچر فی الحال محدود تعداد میں صارفین تک پہنچایا جارہا ہے اور اس کے ذریعے مختلف بیرونی ایجنٹس کو واٹس ایپ چیٹ کے اندر استعمال کیا جاسکے گا۔WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کے دوران صارف کو ایپ کی سیٹنگز سے اپنا ایجنٹ شامل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ایک اکاؤنٹ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ ایجنٹس منسلک کیے جاسکتے ہیں۔ایجنٹ ترتیب دیتے وقت صارف اس کے لیے مخصوص نام اور پروفائل تصویر منتخب کرسکتا ہے، جس کے بعد واٹس ایپ ایک API کی فراہم کرتا ہے۔ یہ کی متعلقہ تھرڈ پارٹی سروس میں استعمال کرکے ایجنٹ کو واٹس ایپ چیٹ کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے۔ API کی کو کسی دوسرے فرد کے ساتھ شیئر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے کیونکہ اس کے ذریعے ایجنٹ پر مکمل کنٹرول حاصل ہوسکتا ہے۔کنکشن مکمل ہونے کے بعد ایجنٹ عام واٹس ایپ کانٹیکٹ کی طرح چیٹ لسٹ میں نظر آتا ہے اور صارف اس سے مختلف کام لے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ڈرافٹ تیار کرنے، نوٹس بنانے یا ذاتی معاون کے طور پر اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ سہولت صرف مصنوعی ذہانت تک محدود نہیں، کیونکہ واٹس ایپ کے مطابق دیگر مطابقت رکھنے والے بوٹس بھی اس نظام سے منسلک ہوسکتے ہیں۔پرائیویسی کے حوالے سے اس فیچر کی ایک اہم حد یہ ہے کہ ایجنٹ صرف وہی پیغامات پڑھ سکتا ہے جو صارف خود اس کے ساتھ شیئر کرے۔ اسے صارف کی عام ذاتی چیٹس، کانٹیکٹس یا میڈیا تک آزادانہ رسائی حاصل نہیں ہوتی۔تاہم تھرڈ پارٹی ایجنٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو عام واٹس ایپ چیٹس جیسی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں ہوگی۔ WABetaInfo کے مطابق ان پیغامات کو ایجنٹ ڈیولپر کی جانب سے استعمال کیے جانے والے سسٹم تک پہنچانے کے لیے میٹا کی محفوظ سروس استعمال ہوتی ہے۔فی الحال یہ فیچر ہر آئی فون صارف کے لیے عام طور پر دستیاب نہیں اور منتخب ممالک میں محدود تعداد میں صارفین کے لیے رول آؤٹ کیا جارہا ہے۔ آئی او ایس کے لیے مطابقت رکھنے والا بیٹا ورژن WhatsApp beta for iOS 26.37.10.70 بتایا گیا ہے۔