کراچی: نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی کرائم برانچ عامر فاروقی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی نئی تحقیقاتی ٹیم آج اہم اجلاس کرے گی۔اجلاس ڈی آئی جی کرائم برانچ کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے، جس میں نئی ٹیم کے تمام ارکان شریک ہوں گے۔نئی تحقیقاتی ٹیم سب سے پہلے کیس اسٹڈی کرے گی، جس کے بعد تمام شواہد، بیانات اور حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی میر رضا علی کی پہلی اور دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی بغور جائزہ لے گی۔نئی تحقیقاتی ٹیم آج مقتول میر رضا علی کے گھر بھی جائے گی اور اہلخانہ سے ملاقات کرے گی۔ ٹیم کرائم سین کا موقع پر معائنہ کرے گی۔ اسی طرح مقتول کی لاش سب سے پہلے دیکھنے والے نرسری کے ملازم سے بھی سوالات کیے جائیں گے۔مقتول کے اہلخانہ سے ملاقات اور کرائم سین کے معائنے کے بعد نئی تحقیقاتی کمیٹی اپنے اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ نئی کمیٹی کی تشکیل کے بعد گزشتہ روز پرانی تحقیقاتی کمیٹی نے تمام شواہد، بیانات، سی سی ٹی وی فوٹیجز، تکنیکی شواہد اور جائے وقوع سے ملنے والا تیس بور کا خول نئی تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کر دیا تھا۔




