جولائی 24, 2026

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

کراچی: پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا جس کا آغاز 11 اگست کو ملتان میں ہوگا۔ڈومیسٹک سیزن کے شیڈول میں 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا بھی پلان کیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک سیزن کے شروع میں نیشنل چیمپیئنز کپ لسٹ اے اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ منعقد ہوں گے۔ریڈ بال ٹورنامنٹس میں قائد اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور گریڈ ٹو گولڈ اور سلور ہوں گے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو گولڈ اور سلور تینوں 12 ستمبر کو شروع ہوں گے۔قائد اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور دونوں یکم نومبر کو شروع ہوں گے، قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں آٹھ جبکہ سلور میں 12 ٹیموں شرکت کریں گی۔ قائد اعظم ٹرافی کی دونوں ڈویژنز فرسٹ کلاس ہوں گی، ایک ٹیم کی ریلیگیشن، پروموشن ہوگی۔پی سی بی نے 16 ریجنز کی 18 ٹیموں کی تعداد کو بڑھا کر 20 کر دیا، سیالکوٹ ریجن اور پشاور ریجن کی لاہور اور کراچی کی طرح دو دو ریجنل ٹیمیں ہوں گی۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سلور اور گولڈ کے دونوں ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں ہوں گے۔پی سی بی انڈر 19 کرکٹرز کے لیے تین روزہ میچوں کا ٹورنامنٹ بھی کروائے گا، نیشنل انڈر 19 کپ اور نیشنل انڈر 19 چیمپیئن شپ 22 اکتوبر سے پانچ دسمبر تک ہوں گے۔ نیشنل انڈر 15 ون ڈے کپ اکتوبر اور نومبر جبکہ انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ نومبر اور دسمبر میں ہوگا۔ ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز، انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور انٹر ڈسٹرکٹ سینئر اپنے معمول کے مطابق ہوں گے۔اسامہ شارون سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک سیزن 2026-27 کھلاڑیوں اور فینز دونوں کے لیے یادگار ثابت ہوگا، ڈومیسٹک کرکٹ کو اچھی مالی امداد اور ریجنل کرکٹ کو مضبوط بنانے پر ہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے شکر گزار ہیں۔اسامہ شارون نے کہا کہ ہمارے لیے ورلڈ کپ کی تیاری بھی اہم ہے، اسی لیے سیزن کا آغاز دو ون ڈے ٹورنامنٹس سے کر رہے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھلاڑیوں کی ڈیویلپمنٹ اور کثیر تعداد میں مواقع دینے میں بہت اہم، انڈر 19 کھلاڑی اس سیزن ریڈ بال کرکٹ بھی کھیلیں گے، اس سے ان کے کھیل میں نکھار آئے گا۔